لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب پولیس نے اپنے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کے لیے مزید 29 لاکھ 66 ہزار روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب عبدالکریم نے میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سکروٹنی کے بعد فنڈز کے اجراء کی منظوری دی۔ فنڈز مختلف بیماریوں میں مبتلا پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے علاج معالجے کے لیے فراہم کیے گئے ہیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں مصروف عمل ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے۔ مختلف اداروں کے ساتھ ایم او یوز کے تحت بھی ملازمین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق سب انسپکٹر مقبول حسین کو عارضہ جگر کے علاج کے لیے 5 لاکھ روپے جبکہ ہیڈ کانسٹیبل عبدالعزیز کو کینسر کے علاج کے لیے 5 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: شادباغ اور نواں کوٹ میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ، مطلوب دہشت گرد طارق گرفتار
کارپورل تصور عباس، کانسٹیبل آصف محبوب اور کانسٹیبل محمد جبار کو علاج معالجے کی مد میں 2،2 لاکھ روپے فی کس فراہم کیے گئے۔ ریٹائرڈ انسپکٹر بابر سلیم، ہیڈ کانسٹیبل نصیر احمد اور کانسٹیبل محمد عباس کو علاج معالجے کے لیے ایک، ایک لاکھ روپے فی کس دیے گئے۔
ڈی ایس پی عامر خان، ہیڈ کانسٹیبل رفیق احمد اور اے ایس آئی زاہد اقبال کو علاج معالجے کی مد میں مجموعی طور پر 4 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔
مختلف بیماریوں میں مبتلا مزید 12 ملازمین کو بھی علاج معالجے کے لیے مجموعی طور پر 6 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد کی رقم فراہم کی گئی۔










