لاہور(پنجاب پوسٹ) شادباغ اور نواں کوٹ میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، سی ٹی ڈی نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث دہشت گرد طارق کو آزاد کشمیر کے علاقے باغ سے حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی اور پولیس نے کارروائی کے دوران آزاد کشمیر پولیس کی معاونت بھی حاصل کی، جس کے بعد ملزم طارق کو حراست میں لے کر لاہور منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کو لاہور منتقل کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر رکھا گیا ہے، جہاں اس سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق طارق تین پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے کے بعد فرار ہوگیا تھا۔ حکام کی جانب سے ملزم سے تفتیش کے دوران ٹارگٹ کلنگ کے واقعات اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں سے متعلق اہم معلومات حاصل کیے جانے کا امکان ہے۔
واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔










