لاہور (پنجاب پوسٹ) بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے آراستہ 5 جدید پیڈل ٹینس کورٹس کا افتتاح کردیا گیا۔ صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے پیڈل ٹینس کورٹس کا باضابطہ افتتاح کیا، تقریب میں سیکرٹری سپورٹس، ڈی جی اسپورٹس اور کھیلوں سے وابستہ اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
صوبائی وزیر کھیل کے مطابق 5 پیڈل ٹینس کورٹس میں ایک کورٹ بین الاقوامی معیار کا ہے، جبکہ دیگر 4 کورٹس قومی مقابلوں، تربیت اور پریکٹس کے لیے دستیاب ہوں گے۔ جدید پیڈل ٹینس کورٹس کی تعمیر پر 10 سے 12 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے بتایا کہ کورٹس میں سٹنگ ایریاز، واش رومز اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ جدید پیڈل ٹینس کورٹس پر آج سے کھیلوں کی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے اور انہیں عالمی سطح کے پیڈل ٹینس مقابلوں کی میزبانی کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کی ناکامیاں، پی سی بی نے سکولوں سے ٹیلنٹ کی تلاش شروع کردی
صوبائی وزیر کھیل کے مطابق لاہور کے بعد بہت جلد سیالکوٹ میں بھی پیڈل ٹینس کورٹس بنائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید پیڈل ٹینس کورٹس پنجاب میں اس کھیل کی ترقی کا اہم مرکز ثابت ہوں گے۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ حکومت پنجاب روایتی کھیلوں کے ساتھ ساتھ جدید اور ابھرتے ہوئے کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی پرعزم ہے، جبکہ جدید پیڈل ٹینس کورٹس کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔













