قومی کرکٹ ٹیم کی ناکامیاں، پی سی بی نے سکولوں سے ٹیلنٹ کی تلاش شروع کردی

لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے وژن کے مطابق ملک بھر کے سکولوں سے نئے کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز کے تحت ملک کے 100 اضلاع میں سکول کرکٹ کی سرگرمیاں جاری ہیں۔


اسی سلسلے میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں کوچنگ کلینک کا انعقاد کیا گیا، جس میں دو سکولوں کے 30 کھلاڑیوں نے قومی کرکٹرز کی زیر نگرانی ٹریننگ کی۔


شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، ابرار احمد اور شاہنواز دھانی نے سکول کے کھلاڑیوں کو کھیل کے مختلف شعبوں سے متعلق مفید ٹپس دیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور شاہنواز دھانی نے نوجوان کھلاڑیوں کو فاسٹ باؤلنگ کے گر سکھائے، جبکہ فخر زمان نے نیٹس میں بلے بازوں کی تکنیک کا جائزہ لے کر انہیں مفید مشورے دیے۔


ابرار احمد نے کھلاڑیوں کو سپن باؤلنگ کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا اور کھیل میں بہتری کے لیے رہنمائی فراہم کی۔


پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز کا دوسرا سیزن ستمبر کے تیسرے ہفتے سے شروع ہوگا۔ پروگرام کے پہلے سیزن میں 39 اضلاع شامل تھے، جبکہ سال 2025 میں اس کا دائرہ کار بڑھا کر 100 اضلاع تک کردیا گیا۔


دوسرے سیزن میں پروگرام سے منسلک سکولوں کی تعداد بھی 450 سے بڑھا کر 1400 کردی گئی ہے۔ ملک کے مختلف تعلیمی ادارے پی سی بی کے ساتھ مل کر سکول کرکٹ کو فروغ دینے اور نوجوان ٹیلنٹ کو قومی سطح پر سامنے لانے کے لیے کوشاں ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے