پنجاب کے ہسپتالوں میں کس قسم کے حفاطتی اقدامات کئے جارہے ہیں، محکمہ صحت نے پبلک اکاونٹس کمیٹی 1 کو کیا بتایا؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی-I کا اجلاس چیئرپرسن چوہدری افتخار حسین چھچھر کی زیر صدارت گزشتہ روز منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت کی جانب سے پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں حفاظتی اقدامات کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔

محکمہ صحت نے کمیٹی کو بتایا کہ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں لازمی عملی فائر ڈرلز اور حفاظتی معائنوں کا انعقاد کیا گیا ہے، جبکہ ہسپتالوں میں حفاظتی اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے ریسکیو 1122 اور متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ کاری بھی جاری ہے۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی-I نے ہسپتالوں میں حفاظتی اقدامات کے لیے محکمہ صحت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تمام ہسپتالوں میں مؤثر حفاظتی پروٹوکولز برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

کمیٹی نے ہسپتالوں میں فائر سیفٹی کے عملی اقدامات اور باقاعدہ معائنوں کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے متعلق مالی و انتظامی آڈٹ پیراز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے ذیلی محکموں اور خودمختار اداروں کے آڈٹ اعتراضات پر غور کیا۔

اجلاس میں سرکاری وصولیوں کے انتظام میں بدانتظامی، غیر مجاز طور پر سرگرمیاں جاری رکھنے اور ہاسٹل کی سہولت معمولی نرخوں پر فراہم کرنے سے ہونے والے مالی نقصان سے متعلق آڈٹ اعتراضات زیر بحث آئے۔

ایئر کنڈیشنرز کے واجبات وصول نہ کرنے،سرکاری کالونی میں رہائش پذیر افسران و اہلکاروں سے بجلی کے کم واجبات وصول کرنے، سرجیکل و ڈسپوزیبل اشیاء کی خریداری کے ناقص نظام اور فوری ضرورت نہ ہونے کے باوجود غیر ضروری خریداری سے متعلق آڈٹ اعتراضات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پنجاب اسمبلی اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے