اب واسا ملازمین فائر فائٹر بھی بنیں گے، سیکرٹری ہاوسنگ نے فائر سیفٹی، فرسٹ ایڈ اور ضروری آلات کی تربیت لازمی قرار دے دی

لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے واسا کے تمام ملازمین کو بنیادی فائر فائٹنگ اور فائر سیفٹی کی تربیت دینے کے احکامات جاری کر دیے۔

محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق واسا کی تمام ایجنسیوں میں کام کرنے والے ملازمین کو فائر سیفٹی، فرسٹ ایڈ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی بنیادی تربیت فراہم کی جائے گی۔ ڈسپوزل اسٹیشنز اور دیگر واسا ڈیوٹیز پر مامور ملازمین کو بھی تربیتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

ٹریننگ سیشنز ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ٹیمز کے تعاون سے منعقد کیے جائیں گے، جن میں فائر ایکسٹنگوشرز کے درست استعمال اور ابتدائی سطح پر آگ پر قابو پانے کے عملی طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے تمام واساز کو اپنے متعلقہ ملازمین کی فائر فائٹنگ ٹریننگ یقینی بنانے اور فائر سیفٹی، فرسٹ ایڈ سمیت دیگر ضروری آلات کی موقع پر دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد فائر ایمرجنسی کی صورت میں فوری اور مؤثر ردعمل کے لیے واسا ملازمین کی عملی استعدادِ کار میں اضافہ کرنا ہے۔ فائر سیفٹی کی تربیت سے فیلڈ آپریشنز کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت مزید بہتر ہوگی۔

محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان کے مطابق ملازمین اور عملے کی حفاظت اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ فائر سیفٹی کے مؤثر اقدامات سے کام کی جگہوں پر ہنگامی خطرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے