لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر صوبے بھر میں ملاوٹ کے خلاف مہم جاری ہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے 700 لٹر جعلی اور مضر صحت دودھ تلف کردیا، جبکہ سپلائر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکم پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور کی سربراہی میں ویجیلنس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران پک اپ نمبر LEI-3115 میں موجود 700 لٹر دودھ کے نمونے لیے گئے، جن کے لیبارٹری تجزیے میں ٹیسٹ ناقص قرار پائے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق جعلی اور مضر صحت دودھ کو لاہور اور مضافات میں سپلائی کیا جانا تھا، تاہم فوڈ سیفٹی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دودھ تلف کردیا۔
کارروائی کے دوران سپلائر کے زیر استعمال 13 پلاسٹک ڈرم، 4 اسٹیل ڈرم اور پلنجر بھی ضبط کرلیے گئے۔ حکام کے مطابق سپلائر کے پاس ضروری ریکارڈ اور لازمی دستاویزات بھی موجود نہیں تھیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کا کہنا ہے کہ ویجیلنس ٹیم کی بروقت کارروائی نے شہریوں کو جعلی دودھ پینے سے بچا لیا۔ دودھ میں ملاوٹ کے تدارک کے لیے 24 گھنٹے ناکہ بندیاں اور آپریشنز جاری ہیں۔
راجہ منصور احمد کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں سپلائی ہونے والے دودھ کی تفصیلی چیکنگ کی جارہی ہے۔ شہری اپنے گھروں میں استعمال ہونے والے دودھ کو پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مفت چیک بھی کروا سکتے ہیں۔










