لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ یوٹیوبرز اور پراپیگنڈا سیل کے لیے آج کا دن ڈوب مرنے کا مقام ہے، اب مزید کوئی مہلت نہیں دی جائے گی اور ملزمہ فلک جاوید کے وکلاء کو مکمل تیاری کے ساتھ عدالت میں پیش ہونا ہوگا۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق عدالتی حکم کے تحت انہوں نے خود عدالت سے استدعا کی تھی کہ ملزمہ فلک جاوید کو جیل سے لاکر عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ ان کی موجودگی میں ان کا بیان ریکارڈ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جرح کے لیے بھی مکمل طور پر تیار تھیں اور خاصا وقت عدالت میں انتظار کرتی رہیں تاکہ ملزمہ کو پیش کیا جاسکے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ ملزمہ کے وکلاء نے آج پھر سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دے دی، تاہم عدالت نے واضح کردیا ہے کہ 12 ستمبر 2026 کو صبح 10 بجے جرح کے لیے آخری موقع ہوگا اور مزید کوئی التوا نہیں دیا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ملزمہ کے وکلاء کو مکمل تیاری کے ساتھ عدالت میں پیش ہونا ہوگا، بصورت دیگر ان کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک خاتون کی عزت، کردار اور وقار کو جھوٹی اور فحش ویڈیوز کے ذریعے نشانہ بنانا محض سیاسی اختلاف نہیں بلکہ خواتین کی عزت اور وقار پر براہِ راست حملہ ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ فیک نیوز، جھوٹ اور کردار کشی کو سیاست کا ہتھیار بنانے والوں کو اب عدالت میں جواب دینا ہوگا۔ غلط رپورٹنگ اور عدالتی کارروائی میں خلل ڈالنے کا معاملہ بھی عدالت کے سامنے آیا ہے، جس پر عدالت نے واضح کیا کہ ایسی بدنظمی آئندہ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ذمہ دار افراد کے خلاف دفعہ 352(1) ضابطۂ فوجداری کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ اب مزید تاخیر نہیں ہوگی، جرح ہوگی اور حقائق سامنے آئیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ جھوٹ اور کردار کشی کے ذمہ داروں کو قانون کے سامنے جواب دینا ہوگا۔










