لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پنجاب حکومت نے واٹر سیکٹر میں ایک اور اہم عالمی اعزاز حاصل کر لیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور غفران احمد کی قیادت میں واسا لاہور کو عالمی سطح پر بین الاقوامی تربیتی ادارے کے طور پر رجسٹریشن کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔
گلوبل واٹر الائنس کے تحت واسا لاہور اب پرتگال کی ایک واٹر یوٹیلیٹی کے ساتھ مل کر کام کرے گا، جبکہ یورپی یونین نے واٹر آپریٹرز پارٹنرشپ کے لیے واسا لاہور کی تجویز بھی منظور کر لی ہے۔
یورپی یونین کی جانب سے اس منصوبے کے لیے 3 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر کی گرانٹ فراہم کی جائے گی۔ 24 ماہ پر مشتمل اس منصوبے کا بنیادی مقصد واسا قصور اور واسا چنیوٹ کی استعدادِ کار میں اضافہ کرنا ہے۔
منصوبے کے تحت تربیت، تجربات کے تبادلے، بین الاقوامی سطح پر کامیاب تجربات سے استفادے اور تکنیکی معاونت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس اقدام سے متعلقہ واٹر یوٹیلیٹیز کی پیشہ ورانہ اور تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
واسا لاہور کو بین الاقوامی تربیتی ادارے کے طور پر تسلیم کیے جانے کے بعد اب وہ دیگر ممالک کی واٹر یوٹیلیٹیز کے لیے بھی مینٹور کے طور پر خدمات انجام دے سکے گا۔ حکام کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف واسا لاہور بلکہ پاکستان کے لیے بھی ایک اہم اعزاز ہے اور اس سے ملکی واٹر مینجمنٹ کے تجربات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔











