ننکانہ صاحب(پنجاب پوسٹ)مختلف ممالک کے نمائندوں پر مشتمل یونیسف کے وفد نے سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کی جائے پیدائش گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کا دورہ کیا، جہاں وفد کے ارکان نے سکھ مذہب کے مقدس ترین مذہبی مقامات میں شامل گوردوارہ جنم استھان کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔
وفد نے گوردوارہ جنم استھان میں بابا گورونانک کی جائے پیدائش، شہیدی استھان، لنگر ہال، سروور صاحب سمیت دیگر اہم مذہبی و تاریخی مقامات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سکھ رہنماؤں کی جانب سے وفد کے ارکان کو گوردوارہ جنم استھان کی مذہبی اہمیت، تاریخی پس منظر اور سکھ مذہب میں اس مقام کے خصوصی مقام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
مزید پڑھیں:شیخوپورہ، مریم آباد میں مسیحی برادری کی مذہبی تقاریب، کیا انتظامات کئے گئے ہیں؟
یونیسف کے وفد کے ارکان نے گوردوارہ جنم استھان کے مختلف حصوں کا جائزہ لیتے ہوئے وہاں موجود مذہبی ورثے اور تاریخی آثار میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد نے گوردوارہ جنم استھان کی بہترین تزئین و آرائش، صفائی ستھرائی اور تاریخی و مذہبی ورثے کی حفاظت کے لیے کیے گئے انتظامات کو سراہا۔
وفد کے ارکان نے سکھ مذہبی ورثے کے تحفظ اور اس کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا۔ یونیسف وفد نے دنیا بھر سے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو مذہبی مقامات پر سہولیات کی فراہمی اور ان کے لیے کیے جانے والے انتظامات کی بھی تعریف کی۔













