لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت پنجاب پولیس کی جانب سے شرپسند، دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں 278 سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 9 ہزار 578 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 31 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں اب تک 98 ہزار 895 سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیے جا چکے ہیں، جن کے دوران مجموعی طور پر 33 لاکھ 52 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 32 ہزار 303 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
پنجاب پولیس کے مطابق آپریشنز کے دوران مشتبہ افراد کے قبضے سے 2 ہزار 238 پسٹلز، 171 بندوقیں اور 246 رائفلیں سمیت بھاری تعداد میں گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سرچ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز میں مزید تیزی لانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ حساس مقامات، تعلیمی اداروں، بس اڈوں، ہوٹلز اور سراؤں میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث سماج دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر انہیں قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں











