وہاڑی(پنجاب پوسٹ)میں ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کی زیرِ صدارت شجرکاری مہم اور ماحولیاتی خطرات کے تدارک کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں شجرکاری مہم کو بھرپور طریقے سے منانے اور مختلف محکموں و اداروں کو مقررہ اہداف کے مطابق پودے لگانے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے کہا کہ تمام محکمے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے مقررہ ٹارگٹس کے مطابق پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی نگہداشت بھی یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر نمبردار نمبرداری گرانٹ کے رقبے پر 200 پودے لگائے گا، جبکہ ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘ کے تحت الاٹیز، لیز داران اور نمبرداران ایک ایکڑ رقبے پر 10 درخت لگائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ضلع بھر میں 10 ہزار پودے لگائے گا، جبکہ ’’ایک طالب علم، ایک پودا‘‘ مہم کے تحت طلباء کو بھی شجرکاری میں بھرپور طور پر شامل کیا جائے گا۔ محکمہ صحت کو ہسپتالوں میں 5 ہزار پودے لگانے کا ہدف دیا گیا ہے، جبکہ ہر پٹرول پمپ پر 10 پودے لگانا لازمی قرار دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ وہاڑی میں 3 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز، ہسپتالوں اور صنعتی یونٹس کی منظوری کو شجرکاری سے مشروط کیا گیا ہے۔ محکمہ جنگلات کو اپنے مقررہ ہدف کے مطابق 2 لاکھ 43 ہزار 600 پودے لگانے کا ٹارگٹ مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 5 مرلہ گھر کے لیے ایک، 10 مرلہ گھر کے لیے 2 جبکہ ایک کنال کے گھر کے لیے 5 پودے لگانا لازمی ہوگا۔ انہوں نے 5 فٹ سے بڑے پودے لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پودے ماحول پر خوشگوار اثرات مرتب کرتے ہیں اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ شہر بھر میں گرین بیلٹس بھی بنائی جا رہی ہیں تاکہ وہاڑی کو مزید سرسبز اور ماحول دوست بنایا جا سکے۔












