وہاڑی: سکول جاتے بچوں کے رکشہ اور ٹرالر کا تصادم، 2 ننھے پھول شہید ہوگئے

وہاڑی (پنجاب پوسٹ) اڈا ٹھینگی کے قریب سکول کے بچوں کو لے جانے والے رکشے اور ٹرالر کے درمیان خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، حادثے میں شدید زخمی ہونے والے دو بچے جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں اور زخمی بچوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 2 سے 3 بچے زخمی ہوئے تھے، جن میں سے دو بچوں کی حالت تشویشناک تھی، دونوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی منتقل کیا گیا۔

شدید زخمی بچوں کے سر پر گہری چوٹیں آئی تھیں، تاہم ہسپتال پہنچتے ہی دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت 12 سالہ عبداللہ ولد زنیر احمد اور 10 سالہ عنایہ دختر وقاص کے نام سے ہوئی ہے، دونوں بچوں کا تعلق 74 ڈبلیو بی سے بتایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عبداللہ اور عنایہ آپس میں قریبی رشتہ دار تھے، جبکہ رکشہ ڈرائیور بھی دونوں بچوں کا قریبی عزیز تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچے سکول سے رکشے پر اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے کہ اڈا ٹھینگی کے قریب رکشہ ٹرالر کی زد میں آگیا۔

حادثے کے فوراً بعد موقع پر موجود افراد نے بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے زخمی بچوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ دو کمسن بچوں کی المناک موت پر علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہوگئی، اہل علاقہ نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

حادثے کی مزید وجوہات اور ذمہ داروں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے