لاہور(پنجاب پوسٹ)ڈولفن ہیڈکوارٹرز والٹن میں ایس پی ڈولفن بلال احمد کی زیرِ صدارت ڈویژنل سپروائزری آفیسرز اور سیکٹر انچارجز کا اجلاس ہوا، جس میں لاہور میں جرائم کی روک تھام، سٹریٹ کرائمز کے خلاف کارروائی اور فورس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایس پی ڈولفن بلال احمد نے سٹریٹ کریمنلز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی میں قوانین و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کرائم کنٹرول کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ اور مؤثر حکمتِ عملی اپنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں اشتہاری اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ایس پی ڈولفن نے کہا کہ 15 کی کال پر متاثرہ شہریوں کو بروقت اور ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ ریسپانس ٹائم میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایس پی بلال احمد نے دورانِ ڈیوٹی موبائل فون کے غیر ضروری استعمال سے گریز اور ڈیوٹی پر روانگی سے قبل تمام جوانوں کے ضروری گیجٹس کو مکمل اور فعال رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ فورس کی مؤثر ویجلنس اور چیک اینڈ بیلنس کے لیے ہر ڈویژن میں الگ شفٹ انچارج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ شفٹ انچارجز کی کارکردگی اور ڈیوٹی کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جوانوں کے زیرِ استعمال اسلحہ اور دیگر گیجٹس کی روزانہ بنیادوں پر جانچ پڑتال کی جائے، جبکہ ڈیوٹی ختم ہونے پر کوت انچارج جوانوں سے اسلحہ واپس جمع کرنے کا پابند ہوگا۔
ایس پی ڈولفن بلال احمد نے واضح کیا کہ فورس میں ڈسپلن، ٹرن آؤٹ اور پیشہ ورانہ امور پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ تمام ڈی ایس پیز جوانوں کے روزمرہ پیشہ ورانہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
اجلاس میں کمیونٹی پولیسنگ کے تحت شہریوں کی زیادہ سے زیادہ مدد، خوش اخلاقی اور شائستگی سے پیش آنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ ایس پی ڈولفن نے کہا کہ ڈیوٹی اوقات میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ کرپشن، بددیانتی اور شہریوں سے بدسلوکی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ لاہور پولیس کی آنکھ اور کان ہیں، جن کا بنیادی مقصد شہریوں کی جان و مال کی بے لوث حفاظت اور جرائم کی مؤثر روک تھام ہے۔














