فیصل آباد (پنجاب پوسٹ) محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پنجاب نے جعلی اور مضرِ صحت ادویات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ صحت کے مطابق پٹھوں کی طاقت بڑھانے کے لیے استعمال ہونے والی ایک گولی اور سٹیرائڈ کے طور پر استعمال کیے جانے والے ایک انجیکشن کے مخصوص بیچ کو مضرِ صحت قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت نے متعلقہ ادویات اور انجیکشن کے مخصوص بیچ کو فوری طور پر مارکیٹ سے واپس اٹھانے کی ہدایت کردی ہے تاکہ عوام کو ممکنہ طبی خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
الرٹ میں ہدایت کی گئی ہے کہ سروے یا انسپیکشن کے دوران مذکورہ ادویات یا انجیکشن فروخت یا استعمال کے لیے موجود پائے جائیں تو ذمہ دار افراد کے خلاف ڈرگ ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ صحت نے متعلقہ اداروں اور ادویات فروشوں کو الرٹ پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔










