لاہور(پنجاب پوسٹ)جماعت اسلامی کی جانب سے 3 ستمبر کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال کے معاملے پر صدر انجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ نے ہڑتال میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے لاہور کی مارکیٹیں معمول کے مطابق کھولنے کا اعلان کردیا۔
مجاہد مقصود بٹ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ آج کل سیاسی جماعتوں کو ہڑتالیں یاد آرہی ہیں، جبکہ سیاسی جماعتوں کو تاجروں کی یاد اس وقت آتی ہے جب انہیں سیاسی مقاصد کے لیے تاجروں کو استعمال کرنا ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مرکزی مسلم لیگ، دھرنے میں شرکت، جماعت اسلامی کی 3 ستمبر کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان
صدر انجمن تاجران لاہور کا کہنا تھا کہ تاجر کسی بھی سیاسی جماعت کی ہڑتال کا حصہ نہیں بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے کی وجہ سے مال روڈ پر پہلے ہی کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
مجاہد مقصود بٹ نے واضح کیا کہ 3 ستمبر کو لاہور کی مارکیٹیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی اور تاجر کسی ہڑتال میں شامل نہیں ہوں گے۔














