لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ گھڑی شاہو کی انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت نوسرباز گینگ کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں میاں بیوی شامل ہیں، جن کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز اور برانڈڈ پرفیومز برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان بڑے بڑے شاپنگ مالز میں جا کر آن لائن جعلی رسیدیں دکھا کر قیمتی اشیاء خریدتے اور مبینہ طور پر دکانداروں کو دھوکہ دیتے تھے۔ مرکزی ملزم گجرات پولیس سمیت لاہور کے تھانہ ڈیفنس بی، نواب ٹاؤن اور نارتھ کینٹ میں فراڈ اور چوری کے مقدمات میں مطلوب تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار خاتون ملزمہ بھی تھانہ نارتھ کینٹ کے دھوکہ دہی کے مقدمے میں اشتہاری تھی۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے لاہور کے مختلف علاقوں میں درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔
ایس پی انویسٹی گیشن سول لائنز غلام دستگیر کے مطابق ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا نے کہا کہ پولیس پراسیکیوشن پارٹنرشپ کے ذریعے گرفتار ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، جبکہ قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہمہ وقت کوشاں ہے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔














