لاہور (پنجاب پوسٹ) شاہدرہ ٹاؤن میں شہری کو اغوا کرکے تشدد کرنے اور دورانِ تشدد اس کے بال، آبرو اور مونچھیں کاٹنے کے افسوسناک واقعے پر ڈی آئی جی آپریشنز نے نوٹس لے لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان رکشہ کے کرائے کے تنازع پر بلال نامی شہری کو زبردستی ایک حویلی میں لے گئے، جہاں اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے تشدد کے دوران شہری کا سر منڈوا دیا جبکہ اس کی ابرو اور مونچھیں بھی کاٹ دیں۔ واقعے کے دوران متاثرہ شہری کے ساتھ نامناسب اور غیر اخلاقی حرکات بھی کی گئیں۔
شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے 15 کی کال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم علی حسن کو گرفتار کر لیا اور مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: لاہور:رکشہ کی دیہاڑی کیوں نہیں دی،رکشہ ڈرائیور کے مالک نے اپنی عدالت لگا لی،
ایس پی سٹی فرحت عباس کے مطابق دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایس پی سٹی فرحت عباس کا کہنا ہے کہ شہریوں پر تشدد اور قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔














