لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور میں پتنگوں اور خطرناک ڈور کی غیر قانونی خرید و فروخت اور ترسیل کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر باغبانپورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی سطح پر پتنگوں اور ڈور کی سپلائی کرنے والے مبینہ ڈیلر کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر داروغہ والا کے قریب دورانِ چیکنگ ملزم عبدالرحمان کو پتنگوں اور ڈور کی ڈیلیوری دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 1700 پتنگیں اور 10 چرخیاں قاتل کیمیکل ڈور برآمد کر لی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب بھر میں 8 ماہ میں 98 ہزار 895 آپریشن ، کتنے افراد گرفتار ہوئے؟ کتنوں کو سزا ہوئی؟
ایس پی کینٹ کے مطابق گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش آن لائن لوکیشن کے ذریعے مختلف اضلاع میں پتنگوں اور ڈور کی سپلائی دینے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشنز کے حوالے کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واضح کیا کہ پتنگ فروشوں، پتنگ سازوں اور پتنگ بازوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔











