گاڑی ستھرا پنجاب کی ہو یا وزیر اعلیٰ پنجاب کی، سب ٹریفک قانون پر عمل کریں گے، مریم نواز سرکاری گاڑیوں کی ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی بھی بھرم

لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس میں لاہور میں ٹریفک مینجمنٹ، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور شہریوں کے لیے سڑکوں کو مزید محفوظ بنانے سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ستھرا پنجاب کی گاڑیوں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ گاڑیوں کو ہر صورت قوانین کا پابند بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب کی گاڑی تلے آکر کمسن بچی کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ صفائی کے لیے استعمال ہونے والی تمام گاڑیوں سمیت ٹریکٹر ٹرالیوں کی نقل و حرکت میں ٹریفک قوانین اور شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح بنایا جائے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ شاہدرہ اور ٹھوکر نیاز بیگ کے مقامات پر ٹریفک جام کے سدباب کے لیے بھی مؤثر حکمت عملی بنانے کا حکم دیا گیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک کی آمدورفت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے شہر کی معروف شاہراہوں پر بائیک لین مقرر کرنے اور پیدل سڑک عبور کرنے والوں کے لیے زبیرا کراسنگ کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ پیدل چلنے والوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے الرٹ بٹن نصب کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ زبیرا کراسنگ پر پیدل گزرنے والوں کی نگرانی کے لیے کیمروں کے ذریعے ڈیجیٹل مانیٹرنگ پر اتفاق کیا گیا۔

مریم نواز شریف نے زبیرا کراسنگ کی پابندی یقینی بنانے کے لیے مال روڈ پر پہلا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا حکم دیا۔ اس منصوبے کے ذریعے پیدل چلنے والوں کو مقررہ کراسنگ استعمال کرنے کی ترغیب اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی ڈیجیٹل نگرانی کی جائے گی

اجلاس میں مال بردار ٹریکٹر ٹرالیوں کو بغیر کور کیے سڑکوں پر آنے سے روکنے کی پابندی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا گیا۔ ستھرا پنجاب کی ٹریکٹر ٹرالیوں کو بھی لازمی طور پر کور کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ گنے کا سیزن شروع ہونے سے قبل اوور لوڈنگ کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساؤتھ ایشیا میں لاہور کی ٹریفک رینکنگ بہتر ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور فیروز پور روڈ کو بھی لاہور کا ماڈل روڈ قرار دینے کی ہدایت کی۔ پائن ایونیو اور جاتی امراء چوک میں ٹریفک مینجمنٹ بہتر بنانے کے لیے سگنلز کی تنصیب کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نمبیو (Numbeo) گلوبل ٹریفک رینکنگ انڈیکس میں لاہور 149ویں نمبر سے بہتر ہو کر 29ویں نمبر پر آچکا ہے۔ مختلف مقامات پر ٹریفک ہجوم میں نمایاں کمی بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جاتی امراء چوک، پائن ایونیو، ڈیفنس موڑ، کریم بلاک، اکبر فلائی اوور، کاہنہ اور مین بلیو وارڈ میں ٹریفک ہجوم میں 70 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔

بریفنگ کے مطابق لاہور میں 16 سے 18 سال کے بچوں کے لیے 4096 ٹریفک پرمٹ/لائسنس جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ خواتین کے تحفظ کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر 65 ہزار پینک بٹن بھی نصب کیے جاچکے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے