کیا آپ کے صدقہ و خیرات کے پیسے درست جگہ لگ رہے ہیں، کسی بھی این جی او کو پیسے دینے سے قبل تفصیلات جاننے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب نے شاندار قدم اٹھا لیا

لاہور(پنجاب پوسٹ) سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت پنجاب چیریٹیز کمیشن کا 25 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں خیراتی اداروں اور این جی اوز کی مانیٹرنگ، کارکردگی جانچنے اور عوام کی بروقت رہنمائی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں پنجاب چیریٹیز کمیشن کی جانب سے تیار کیے گئے چیٹ بوٹ کو کمیشن کی ویب سائٹ پر آن لائن کرنے کی منظوری دی گئی۔ شہری چیٹ بوٹ کے ذریعے کسی بھی خیراتی ادارے سے متعلق اپنے سوالات کے فوری جوابات حاصل کرسکیں گے۔

اجلاس میں بورڈ آف ریونیو، انڈسٹریز اور سوشل ویلفیئر سے رجسٹرڈ خیراتی اداروں کو فوری طور پر چیریٹیز کمیشن کے پورٹل پر اپلوڈ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔


چیف ایگزیکٹو آفیسر کرنل شہزاد امیر نے ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں قائم 8 ہزار 113 این جی اوز کے ساتھ مستقل رابطہ رکھا جا رہا ہے جبکہ حال ہی میں 1 ہزار 500 این جی اوز کی تربیت مکمل کی گئی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈرگ فری پنجاب کے لیے این جی اوز کے تعاون سے کام جاری ہے۔ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مہم اور حقیقی ضرورت مند افراد کی امداد کے لیے 25 این جی اوز کو متحرک کیا گیا ہے، جبکہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے 10 شہروں میں 20 سے زائد این جی اوز کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔

پنجاب چیریٹیز کمیشن نے این جی اوز کے لیے مؤثر آڈٹ مینجمنٹ سسٹم بھی تیار کیا ہے۔ کسی مشکوک سرگرمی کی صورت میں متعلقہ خیراتی ادارے کی انکوائری اور آڈٹ کیا جاسکے گا، جبکہ قانون کی خلاف ورزی پر چندہ جمع کرنے کا اجازت نامہ منسوخ بھی کیا جاسکتا ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ پُرامن اور ہم آہنگ معاشرے کا قیام حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب میں تمام خیراتی اداروں کی چیریٹیز کمیشن سے رجسٹریشن لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور سول سوسائٹی کے درمیان باہمی اعتماد، شفافیت اور اشتراک پر مبنی تعلقات ناگزیر ہیں۔ پنجاب چیریٹیز کمیشن خیراتی اداروں پر عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔

ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے تمام خیراتی اداروں پر زور دیا کہ خیراتی فنڈز کے استعمال میں قوانین کی پاسداری یقینی بنائیں۔ این جی اوز کی رہنمائی کے لیے ہفتہ وار ویبینار سیشنز بھی شروع کیے گئے ہیں۔

اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ و کمشنر پنجاب چیریٹیز کمیشن نور الامین مینگل نے آن لائن شرکت کی جبکہ کمشنر پنجاب چیریٹیز کمیشن ڈاکٹر اسامہ صدیق سمیت دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے