⁨معروف موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ کیساتھ واپڈا ٹاون نے ہاتھ کردیا ، 7 ہزار متاثرین کا مقدمہ پہلی بار منظر عام پر آگیا

لاہور (پنجاب پوسٹ) واپڈا ریٹائرڈ آفیسر کالونی مریدکے کے متاثرین کے حوالے سے موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ اور کنول نعمان نے اقبال ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متاثرین کو ان کا حق دلانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

پریس کانفرنس میں قاسم علی شاہ کا کہنا تھا کہ ان کے والد بھی واپڈا میں ملازم رہے اور انہوں نے ایمانداری سے ملازمت کرتے ہوئے سخت محنت کی۔ والد نے دو نوکریاں کرکے بچوں کو تعلیم دلوائی۔

قاسم علی شاہ نے کہا کہ ان کے خاندان کے پانچ پلاٹس ہیں، جن میں تین ان کے جبکہ دو ان کے والد کے نام ہیں۔ واپڈا ریٹائرڈ آفیسر کالونی مریدکے کے متاثرین گزشتہ 35 سال سے اپنے حق کے حصول کے لیے خوار ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً 7 ہزار متاثرین ہیں اور ہر متاثرہ شخص کو اس کا حق ملنا چاہیے۔ آج کی پریس کانفرنس ’’ڈو اینڈ ڈائی‘‘ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے، اب مزید وقت ضائع نہیں کیا جا سکتا۔

قاسم علی شاہ کے مطابق جس دور میں متاثرین نے پلاٹس خریدے، اس وقت تقریباً دو سے اڑھائی لاکھ روپے میں مہران گاڑی مل جاتی تھی، جبکہ آج اسی نوعیت کی گاڑی کی قیمت 30 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ اس وقت دو لاکھ روپے میں پلاٹ خریدا گیا تھا، مگر 35 سال گزرنے کے باوجود متاثرین اپنے حق سے محروم ہیں۔

اس موقع پر کنول نعمان نے کہا کہ ہم سب متاثرین ہیں اور اب مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں کہا گیا کہ واپڈا کے چیئرمین سے بات کی جائے، جس پر انہوں نے چیئرمین واپڈا سے ملاقات کرکے کالونی کے معاملے کو آگے بڑھانے کی درخواست کی۔

کنول نعمان کے مطابق واپڈا حکام کا کہنا تھا کہ واپڈا ٹاؤن بنانے کے تجربے پر انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل حل کرکے معاملہ آگے بڑھایا جائے گا۔

کنول نعمان نے کہا کہ جب تک متاثرین کے معاملات درست نہیں ہوں گے، کوئی ڈویلپر اس منصوبے کو نہیں خریدے گا۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے ساتھ کوئی دھوکہ یا فراڈ نہیں ہوگا اور انہیں ان کے پلاٹس ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اللہ کی رضا کے لیے کام کر رہے ہیں اور میڈیا کے ذریعے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سے درخواست کرتی ہوں کہ واپڈا ریٹائرڈ آفیسر کالونی مریدکے کے متاثرین کا دیرینہ مسئلہ حل کرایا جائے۔

کنول نعمان نے مزید کہا کہ وہ اپنی قیادت کے سامنے بھی متاثرین کا مسئلہ اٹھائیں گی، کیونکہ ہزاروں متاثرین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے