لاہور شہر میں اغواء کاروں کے گروہ متحرک گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تین بچے اغواء کر لیے گئے

لاہور ( پنجاب پوسٹ )شہر میں مبینہ اغوا کے واقعات نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں سے تین بچوں کے اغوا کے مقدمات درج کر لیے گئے۔

پولیس کے مطابق اچھرہ، مناواں اور نواب ٹاؤن کے علاقوں میں بچوں کے مبینہ اغوا کے الگ الگ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

پہلا واقعہ اچھرہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں 13 سالہ لڑکی جویریہ کو مبینہ طور پر نامعلوم افراد اغوا کرکے لے گئے۔ ایف آئی آر کے مطابق جویریہ، مریم بی بی کی بیٹی اور اچھرہ کی رہائشی ہے۔ اہلخانہ کی جانب سے اطلاع ملنے پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

دوسرا واقعہ مناواں کے علاقے میں پیش آیا جہاں 10 سالہ بچے حیدر کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق حیدر مدرسے جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا کہ راستے میں نامعلوم افراد نے اسے مبینہ طور پر اغوا کرلیا۔ پولیس کے مطابق حیدر انضمام الحق کا بھانجا بتایا گیا ہے۔

تیسرا واقعہ نواب ٹاؤن کے علاقے میں رپورٹ ہوا جہاں 12 سالہ لڑکا شمعون مبینہ طور پر لاپتا ہوگیا۔ ایف آئی آر کے مطابق شمعون اپنی والدہ سونیا بی بی کے کہنے پر دکان سے پیسے لے کر کھانا لینے گیا تھا، تاہم واپس نہ آیا۔ اہلخانہ نے شبہ ظاہر کیا کہ اسے نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا ہے۔

پولیس نے تینوں واقعات کے مقدمات درج کرکے بچوں کی تلاش اور مبینہ اغوا کاروں کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعات کی تفتیش کر رہی ہے جبکہ بچوں کی بازیابی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

شہر میں ایک ہی روز مختلف علاقوں سے بچوں کے مبینہ اغوا کے تین واقعات سامنے آنے کے بعد والدین میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید شواہد سامنے آنے پر کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے