لاہور(پنجاب پوسٹ) شادمان پولیس نے خواتین سے چھینا جھپٹی کرنے والے باپ بیٹے پر مشتمل گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ٹریس کرکے مکہ کالونی سے گرفتار کیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق گرفتار ملزمان طیب اور شیراز باپ بیٹا ہیں، جنہوں نے ایک تیسرے ساتھی کے ساتھ مل کر سنیچر گروپ بنا رکھا تھا۔ ملزمان گلبرگ، شادمان اور گردونواح میں خواتین کو نشانہ بناتے اور ان سے پرس اور بیگ چھینتے تھے۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز میں ملزمان کو خواتین سے بیگ چھینتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ ملزمان نے دو روز قبل ایک ہی دن میں تین خواتین سے پرس چھیننے کی وارداتیں کی تھیں۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے نقدی، لیپ ٹاپ، موبائل فون اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی۔ دونوں ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کا کہنا ہے کہ خواتین سے متعلق جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر گامزن ہیں، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔














