سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اقلیتی امور کے محکمہ کا بجٹ 50 کروڑ روپے سے بڑھا کر 16 ارب روپے کر دیا ہے، جو اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے پنجاب حکومت کے اقدامات کا واضح ثبوت ہے۔
سیالکوٹ میں اقلیتی امور سے متعلق تقریب میں سردار رمیش سنگھ اروڑا نے اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے 81 طلبہ و طالبات میں وظائف کے چیکس تقسیم کیے۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی طارق سبحانی، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق اور رکن صوبائی اسمبلی شکیلہ آرتھر بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ نوجوانوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا وژن ہے۔ گالم گلوچ کا کلچر ہماری روایات میں نہیں، تعمیری سوچ کے ذریعے ہی ملک کی خدمت کی جا سکتی ہے۔
رمیش سنگھ اروڑا کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے ایک لاکھ خاندانوں کو منیارٹی کارڈ دیے گئے ہیں۔ ہنر، تعلیم اور مالی تعاون کے ذریعے ان ایک لاکھ خاندانوں کو خطِ غربت سے نکالنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہترین انداز میں استعمال کریں اور تعلیم و ہنر کے ذریعے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے کہا کہ نوجوان اور طلبہ اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں بروئے کار لائیں۔ سول سروسز اکیڈمی میں منیارٹی طلبہ کے لیے خصوصی سیشنز بھی رکھے گئے ہیں۔
رکن پنجاب اسمبلی طارق سبحانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اقلیتوں کے لیے وعدوں سے بڑھ کر کام کیا ہے۔ پہلی مرتبہ پنجاب میں اقلیتوں کی بہبود اور ترقی کے لیے اس معیار کا کام کیا جا رہا ہے۔
رکن صوبائی اسمبلی شکیلہ آرتھر نے کہا کہ 79 سال بعد پہلی مرتبہ نصاب میں تمام مذاہب کی کتابوں کو شامل کیا گیا ہے، جو اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے اہم اقدام ہے۔










