اسلام آباد ( پنجاب پوسٹ ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پتوکی کے سابق اسسٹنٹ کمشنر فرقان احمد کی ایک سال قبل ہونے والی پراسرار موت کا معمہ حل کرنے کے لیے قبرکشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کرانے کا حکم دے دیا۔
جسٹس شاہ رخ ارجمند نے کیس کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کو ہدایت کی ہے کہ 10 روز کے اندر فرقان احمد کی قبرکشائی کروا کر دوبارہ پوسٹ مارٹم مکمل کرایا جائے۔ عدالت نے اس مقصد کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ موت کی اصل وجہ کا تعین کرنے میں مدد مل سکے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق پتوکی کے سابق اسسٹنٹ کمشنر فرقان احمد 2025 میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کے بعد ایک ریسٹ ہاؤس میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ واقعے کو ایک سال گزرنے کے باوجود ان کی موت کی اصل وجہ سے متعلق مختلف سوالات بدستور موجود ہیں اور عدالت کے سامنے پیش کیے گئے معاملے میں ان سوالات کا تسلی بخش جواب سامنے نہیں آسکا۔
عدالت نے قرار دیا کہ ایک اسسٹنٹ کمشنر کی ہلاکت کو محض انتظامی تنازع کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا بلکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی مکمل جانچ ضروری ہے۔ فیصلے میں اس امر کو بھی اہم قرار دیا گیا کہ مرحوم کے والد اپنے بیٹے کی موت کی حقیقت جاننے کے لیے مسلسل مختلف سرکاری اداروں اور متعلقہ حکام سے رجوع کرتے رہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں والد کی جانب سے انصاف اور حقیقت جاننے کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک سوگوار باپ ریاست کے دروازے پر مسلسل دستک دے رہا ہے اور اس کا مقصد کسی ذاتی یا مالی فائدے کا حصول نہیں بلکہ صرف اپنے بیٹے کی موت کی حقیقت جاننا ہے۔ عدالت کے مطابق والد کے مسلسل اصرار کو محض غیر ضروری ضد قرار نہیں دیا جا سکتا۔
عدالت نے مزید قرار دیا کہ تدفین کے بعد وقت گزرنے کے ساتھ بعض شواہد قدرتی طور پر کم یا ختم ہو سکتے ہیں، اس لیے ایسے معاملات میں انتظامی تاخیر قابلِ قبول نہیں ہونی چاہیے، خصوصاً جب تاخیر سے موت کی اصل وجہ جاننے کے امکانات متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔
فیصلے میں اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے پوسٹ مارٹم نہ کرانے کے حکم کو کالعدم قرار دے دیا گیا۔ عدالت نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کو ہدایت کی کہ قبرکشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کے لیے باقاعدہ میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے اور قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی مکمل کی جائے۔
عدالت کے مطابق اس کارروائی میں متعلقہ حکام، مرحوم کے والد یا ان کے نامزد نمائندے اور تفتیشی افسر قصور کو بھی شامل رکھا جائے گا تاکہ تمام متعلقہ فریقین کی موجودگی میں کارروائی شفاف انداز میں مکمل ہو سکے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے بعد اب ایک سال قبل انتقال کر جانے والے سابق اسسٹنٹ کمشنر فرقان احمد کی قبرکشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کے ذریعے ان کی موت سے متعلق اہم سوالات کے جوابات تلاش کیے جائیں گے۔ دوبارہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سے متعلق مزید حقائق واضح ہونے کی توقع ہے۔














