لاہور (پنجاب پوسٹ) پولیس نے شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے اور پولیس تک براہِ راست رسائی کے لیے سوشل میڈیا پر انوکھی سہولت متعارف کروا دی، اب شہری گھر بیٹھے فیس بک لائیو اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران سے براہِ راست اپنی شکایت بیان کرسکیں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کل بروز اتوار دن 12 بجے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پہلی آن لائن کھلی کچہری کریں گے، جس میں شہری ٹیلی فون اور سوشل میڈیا کے ذریعے 45 منٹ کے خصوصی سیشن میں براہِ راست رابطہ کرسکیں گے۔
آن لائن کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو سفر اور دفتری چکروں سے بچاتے ہوئے پولیس تک براہِ راست رسائی فراہم کرنا ہے۔ پیٹی ایشوز، گھریلو تنازعات، ڈومیسٹک وائلنس اور دیگر مسائل کے حوالے سے شہری اپنی شکایات پیش کرسکیں گے۔
پراپرٹی تنازعات اور سول نوعیت کے معاملات میں بھی شہری اپنی شکایات اور مسائل سے پولیس قیادت کو آگاہ کرسکیں گے، جبکہ اپنے علاقوں میں کسی نئی برائی یا مسئلے کی نشاندہی بھی براہِ راست پولیس تک پہنچائی جاسکے گی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ آن لائن کھلی کچہری صرف شکایات کے ازالے کا ذریعہ نہیں بلکہ شہریوں کی رائے اور تجاویز جاننے کا بھی مؤثر پلیٹ فارم ہوگی۔ شکایات پر ہونے والی پیش رفت اور کارروائی کا فیڈ بیک بھی شہریوں کو آن لائن فراہم کیا جائے گا۔
فیصل کامران کے مطابق بعض شہری ملازمت، کاروبار یا دیگر مصروفیات کے باعث روایتی کھلی کچہری میں شرکت نہیں کر پاتے، ٹیکنالوجی کے ذریعے ایسے شہری گھر بیٹھے اپنی شکایات اعلیٰ پولیس افسران تک پہنچا سکیں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہریوں کی بروقت نشاندہی سے مسائل کو ابتدائی مرحلے پر حل کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ پولیس اور عوام کے درمیان براہِ راست رابطہ اعتماد کی فضا مزید مضبوط کرے گا۔
فیصل کامران کے مطابق وہ ڈی آئی جی آپریشنز کی ذمہ داری کے دوران 60 ہزار سے زائد شکایات براہِ راست سن چکے ہیں۔














