لاہور ( پنجاب پوسٹ ) بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے،واہگہ بارڈر پر یاتری پرتپاک استقبال پر خوش دکھائی دئیے
واہگہ بارڈر پر بھارتی سکھ یاتریوں کی آمد کے موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور سیکرٹری بورڈ ناصر مشتاق نے یاتریوں کا استقبال کیا
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ نے سکھ یاتریوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کرکے خوش آمدید کہا، واہگہ بارڈر پر سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
واہگہ بارڈر پر میڈیکل کیمپ، منی ایکسچینج کاؤنٹر اور دیگر سہولیات کے ساتھ یاتریوں کے قیام، طعام، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے
سکھ یاتریوں کو سخت سیکیورٹی میں ننکانہ صاحب روانہ کیا گیا، جہاں بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب 24 نومبر کو ہوگی
پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے یاتریوں کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔۔۔ انہوں نے مذہبی عقیدت، امن اور محبت کے اس سفر کے ساتھ کرتارپور راہداری کھولنے کا مطالبہ بھی کیا، تاکہ سکھ یاتری اپنے مقدس مقام کرتارپور صاحب کی زیارت آسانی سے کرسکیں۔

چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان کا کہنا تھا کہ سکھ یاتری پاکستان کے مہمان ہیں۔۔۔ ان کی خدمت، مہمان نوازی اور سہولت ہماری اولین ترجیح ہے،بھارتی سکھ یاتریوں کا استقبال پاکستان کے امن، محبت اور مذہبی رواداری کا عملی مظہر ہے وفاقی حکومت کی ہدایات پر یاتریوں کے لیے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں
یہ بھی پڑھیں : بابا گرو نانک دیو جی جنم دن تقاریب ، ستھرا پنجاب کے 200 کارکن،15 لوڈر رکشے، 2 واشرز اور 50 ویسٹ ڈرم تعینات
مذہبی عقیدت کا یہ سفر سرحدوں سے آگے محبت، احترام اور بھائی چارے کا پیغام لیے پاکستان پہنچ چکا ہے، بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے سکھ یاتری اب ننکانہ صاحب کی جانب رواں دواں ہیں۔جہاں 24 نومبر کو مرکزی تقریب ہوگی














