لاہور کی 15ہزار 256 لڑکیوں نے ڈرائیونگ سیکھ لی، 7 ہزار 888 کاریں، 7ہزار 178 سکوٹیاں چلائیں گی

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت خواتین کو بااختیار اور خودمختار بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں لاہور ٹریفک پولیس کے زیر اہتمام لبرٹی مارکیٹ میں خواتین کی سکوٹی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی اور ایس پی ہیڈکوارٹرز فخر بشیر راجہ سمیت خواتین نے شرکت کی۔

اس موقع پر سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق خواتین کو بااختیار اور خودمختار بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ خواتین کو ڈرائیونگ اور سکوٹی چلانے کی تربیت فراہم کرنا بھی اسی مشن کا حصہ ہے تاکہ وہ روزمرہ سفر میں خود انحصار بن سکیں۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ اسکولز سے اب تک مجموعی طور پر 24 ہزار 420 امیدوار تربیت حاصل کر چکے ہیں، جن میں 15 ہزار 256 خواتین شامل ہیں۔ ان میں 7 ہزار 888 خواتین کو کار ڈرائیونگ جبکہ 7 ہزار 178 خواتین کو موٹر سائیکل اور سکوٹی چلانے کی مفت تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صرف رواں سال کے دوران 1 ہزار 472 خواتین نے لاہور ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ اسکولز سے ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ اسکولز سے تربیت حاصل کرنے والی ہزاروں خواتین اب بااعتماد ڈرائیور بن چکی ہیں۔

سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دے کر انہیں خودمختار اور بااختیار بنانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ خواتین کے لیے قائم سکوٹی اسکولز میں "وویمن ٹو وویمن” سروس فراہم کی جا رہی ہے تاکہ خواتین کو ایک محفوظ اور سہل ماحول میں موٹر سائیکل اور سکوٹی چلانے کی تربیت دی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں خواتین کو سکوٹی اور گاڑی چلانے کی تربیت فراہم کرنے کے لیے 12 ڈرائیونگ اسکولز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ "وومن آن ویلز” پروجیکٹ کے تحت خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کی مفت تربیت دی جا رہی ہے۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ خواتین بااختیار ہوں گی تو معاشرے میں واضح مثبت تبدیلی آئے گی۔ وومن آن ویلز پروجیکٹ کا بنیادی مقصد خواتین میں اعتماد پیدا کرنا اور انہیں اپنے سفر کے حوالے سے زیادہ خودمختار بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرتی اور سماجی ترقی میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے اور مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی عملی شرکت بھی ایک مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرے کے لیے ضروری ہے۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے مزید کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس خواتین کو ڈرائیونگ اور موٹر سائیکل چلانے کی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ٹریفک قوانین سے بھی آگاہ کر رہی ہے تاکہ خواتین نہ صرف خودمختار بنیں بلکہ ذمہ دار اور محفوظ ڈرائیور کے طور پر بھی اپنا کردار ادا کریں۔

لبرٹی مارکیٹ میں منعقدہ سکوٹی واک اسی عزم کا اظہار تھی کہ خواتین کو سفر کے لیے دوسروں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی نقل و حرکت میں خودمختاری، اعتماد اور تحفظ فراہم کیا جائے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے