سفارش، رشوت یا سیاسی پشت پناہی، پنجاب پولیس کے ڈیپوٹیشن پر تعینات متعدد اہلکاروں اور افسران کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیوں کیا جارہا ہے؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب پولیس میں ڈیپوٹیشن پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کے لیے اسے ازسرنو مرتب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ پولیس سے مختلف سرکاری اداروں میں ڈیپوٹیشن پر جانے والے افسران و اہلکاروں کی تعیناتی، مدت اور واپسی کے حوالے سے نئی تجاویز تیار کرلی گئی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ڈیپوٹیشن پر مختلف محکموں میں جانے والے متعدد افسران و اہلکار مقررہ مدت مکمل ہونے کے باوجود سفارشیں کروا کر اضافی وقت بھی انہی اداروں میں گزار رہے ہیں، جس کے باعث پولیس فورس کی افرادی قوت متاثر ہورہی ہے۔

ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن، ایف آئی اے، رنگ روڈ، موٹروے پولیس سمیت دیگر اداروں میں پنجاب پولیس کے کانسٹیبل سے لے کر ڈی ایس پی رینک تک کے افسران و اہلکار 2 سے 5 سال تک ڈیپوٹیشن پر تعینات ہوتے ہیں۔ تاہم متعدد اہلکار اور افسران مدت پوری ہونے کے باوجود مختلف ذرائع سے اپنا قیام مزید بڑھوا لیتے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مختلف اداروں میں ان کی ضرورت سے زیادہ تعداد میں پولیس اہلکار و افسران عرصہ دراز سے تعینات ہیں، جبکہ بعض اہلکار پولیس میں واپس جوائن کرنے کے بعد دوبارہ مختلف محکموں میں ڈیپوٹیشن پر چلے جاتے ہیں۔

نئی پالیسی کے تحت آئندہ کسی بھی محکمہ میں مقررہ ایس او پیز اور منظور شدہ تعداد سے زیادہ پولیس افسران و اہلکار ڈیپوٹیشن پر نہیں بھجوائے جائیں گے۔ مقررہ ڈیپوٹیشن مدت مکمل کرنے والے افسران و اہلکاروں کو واپس پنجاب پولیس میں بلایا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق اگر کوئی افسر یا اہلکار کسی دوسرے محکمہ میں 2 سے 5 سال تک ڈیپوٹیشن پر خدمات انجام دیتا ہے تو اسے واپسی کے بعد اتنا ہی عرصہ پنجاب پولیس میں گزارنا ہوگا۔ مساوی مدت پولیس میں مکمل کرنے کے بعد ہی وہ دوبارہ کسی دوسرے ادارے میں ڈیپوٹیشن پر جانے کا اہل ہوگا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ڈیپوٹیشن کے نظام کو ضابطے کے تحت لانا، پولیس فورس کی افرادی قوت کو مؤثر بنانا اور مختلف اداروں میں ضرورت سے زائد اہلکاروں کی تعیناتی کا خاتمہ ہے۔

ڈیپوٹیشن پالیسی کی نئی تجاویز کو حتمی منظوری کے لیے پولیس ایگزیکٹو بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق نئی ڈیپوٹیشن پالیسی کی منظوری تک پنجاب پولیس کا کوئی بھی افسر یا اہلکار دوسرے محکمے میں ڈیپوٹیشن پر نہیں بھجوایا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے