مریم نواز نے پنجاب کی جنریشن زی کے دل جیت لئے ،ایک ہزار نوجوانوں کی ہواوے ماسٹر ٹرینر کے طور پر تربیت ، 300 وویمن ٹرینرز کو بھی ہواوے اے آئی ٹریننگ کرائے گا

لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وفد کے ہمراہ چین میں معروف ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی، ہواوے حکام نے وزیراعلیٰ پنجاب اور وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں پنجاب کو مصنوعی ذہانت سے لیس صوبہ بنانے کیلئے اسٹریٹجک شراکت داری، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، کلاؤڈ ٹیکنالوجی، ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ اور سمارٹ پبلک سروسز کے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہواوے کو نواز شریف آئی ٹی سٹی میں بھرپور سرمایہ کاری کی دعوت دی، جبکہ پنجاب کے ایک ہزار نوجوانوں کو ہواوے ماسٹر ٹرینرز کے طور پر تربیت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ہواوے پنجاب کی 300 خواتین ٹرینرز کو بھی اے آئی ٹریننگ فراہم کرے گا۔

ملاقات میں نواز شریف آئی ٹی سٹی میں چھ ڈیٹا سینٹرز اور ساورن ڈیٹا سینٹر کے قیام، پنجاب میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ڈیلیوری یونٹ بنانے اور مؤثر سرکاری و انٹرپرائز کوآرڈی نیشن میکانزم پر بھی غور کیا گیا۔

سمارٹ سٹی، کمانڈ سینٹر، ہیلتھ کیئر، تعلیم، زراعت اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں ہواوے کے تعاون کا خیرمقدم کیا گیا، جبکہ انفرادی ٹیکنالوجی منصوبوں اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایکو سسٹم کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کو مصنوعی ذہانت کے میدان میں آگے بڑھانا اولین ترجیح ہے، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور مقامی اے آئی ماڈلز تیار کیے جائیں گے۔ معروف عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری ڈیجیٹل طور پر بااختیار اور شہریوں پر مرکوز پنجاب کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

صوبائی معاون خصوصی علی ڈار نے پنجاب میں اے آئی آفس سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پاکستان میں اے آئی آفس قائم کرنے والا پہلا صوبہ ہے۔ ہیلتھ، ایجوکیشن، انفراسٹرکچر اور گورننس کے شعبوں میں اے آئی کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے۔
علی ڈار کے مطابق پنجاب میں سرکاری تعلیمی اداروں میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو لازمی مضمون کے طور پر پڑھایا جا رہا ہے، جبکہ سرکاری افسران، اہلکاروں اور کابینہ ارکان کو بھی اے آئی کی تربیت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیف سٹی اتھارٹی، زراعت، ٹریفک اور دیگر شعبوں میں اے آئی کا استعمال مؤثر ثابت ہو رہا ہے، جبکہ 2029 تک پنجاب کو جنوبی ایشیا میں اے آئی سے منسلک اور مربوط نظام رکھنے والا صوبہ بنانے کا ہدف ہے۔ہواوے کے سینئر ایگزیکٹو نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے ہواوے پنجاب کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے