پہلے ڈیجیٹل ریٹیل بینک کو پاکستان میں پائلٹ آپریشنز کی اجازت مل گئی

لاہور (پنجاب پوسٹ) ہیوگو بینک کو پاکستان میں پائلٹ آپریشنز شروع کرنے کی منظوری مل گئی، جو پاکستان اور سنگاپور کے سرمایہ کاروں کے اشتراک سے قائم ایک ڈیجیٹل ریٹیل بینک ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ڈیجیٹل بینکاری کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ہیوگو بینک نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے کنٹرولڈ پائلٹ آپریشنز شروع کرنے کی منظوری حاصل کرلی ہے۔

ہیوگو بینک پاکستان اور سنگاپور کے سرمایہ کاروں کے اشتراک سے قائم ایک ڈیجیٹل ریٹیل بینک ہے، جو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صارفین کو مالیاتی خدمات فراہم کرے گا۔

ریگولیٹری منظوری کے بعد بینک پائلٹ مرحلے میں اپنی مصنوعات، نظام اور آپریشنز کی جانچ کرے گا۔ اس دوران سیکیورٹی، نظام کی کارکردگی اور صارف کے تجربے سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ باقاعدہ آپریشنز سے قبل تمام معیارات کو یقینی بنایا جاسکے۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے مطابق اس کی مؤثر سہولت کاری سے پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل بینکاری کے فروغ میں مدد مل رہی ہے۔

ہیوگو بینک کے سی ای او عاصم حسن نے ریگولیٹری مراحل میں سہولت کاری پر ایس آئی ایف سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بروقت معاونت اور ادارہ جاتی رابطہ کاری نے ریگولیٹری معاملات کے حل میں اہم کردار ادا کیا۔

حکام کے مطابق ہیوگو بینک کا آغاز پاکستان میں ڈیجیٹل بینکاری، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ اس سے ملک کے سرمایہ کاری دوست ماحول کو بھی تقویت ملے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے