ریلوے کی زمینوں پر قبضہ اور اسمگلنگ کی کوششیں، 6 ماہ میں 2 ہزار 241 مقدمات، 2 ہزار 581 ملزمان گرفتار

لاہور(پنجاب پوسٹ) آئی جی ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان کی سربراہی میں سینٹرل پولیس آفس میں ایس آر پیز کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران ریلویز پولیس کی کارکردگی، جرائم کی صورتحال اور اہم پیشہ ورانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ریلوے پولیس نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران 2241 مقدمات درج کرکے 2581 ملزمان کو گرفتار کیا۔ آئی جی ریلویز پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مزید مؤثر اور بلاامتیاز قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔

کانفرنس میں بذریعہ ٹرین غیر قانونی اشیاء کی اسمگلنگ میں ملوث مافیاز اور منظم نیٹ ورکس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔ اسمگلنگ میں ملوث نجی کارگو کمپنیوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی اور لائسنس منسوخی کی ہدایات جاری کی گئیں۔

ریلوے اراضی پر قابضین کے خلاف بڑے پیمانے پر اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کی تیاری بھی شروع کردی گئی۔ تمام ایس پیز کو ڈی ایس ریلویز کے تعاون سے قبضہ شدہ اراضی کی نشاندہی کرکے مفصل رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ اسپیشل برانچ کو قیمتی قبضہ شدہ ریلوے اراضی کی مکمل رپورٹ مرتب کرنے کا حکم دیا گیا۔

آئی جی ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان نے واضح کیا کہ ٹرین گشت پر مامور ملازمین کی کسی بھی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی، کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔مسافروں کو فوری اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ریلویز پولیس ہیلپ سینٹرز کو مزید اپ گریڈ کرنے اور بہترین اہلکار تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

کانفرنس میں ڈی آئی جی نارتھ و ہیڈکوارٹرز، اے آئی جی ایڈمن، ایس پی لائنز اور تمام ڈویژنز کے ایس پیز نے شرکت کی۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایس پی سکھر ثناء الرحمٰن اور تفتیشی افسر لاہور انسپکٹر اکرم کو تعریفی اسناد سے بھی نوازا گیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے