لاہور ( پنجاب پوسٹ ) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) نے بیسٹ گلوبل یونیورسٹیز رینکنگ 2026 میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی۔
یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ کی جانب سے جاری کردہ گلوبل یونیورسٹیز رینکنگ 2026 کے مطابق یو ایم ٹی کو دنیا کی جامعات میں 573ویں نمبر پر قرار دیا گیا ہے، جبکہ ایشیا کی بہترین جامعات کی درجہ بندی میں یو ایم ٹی نے 161ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ پاکستان کی نجی جامعات میں یو ایم ٹی چوتھے نمبر پر رہی۔
یو ایم ٹی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق عالمی درجہ بندی میں یہ کامیابی یونیورسٹی کے تعلیمی اور تحقیقی معیار، فیکلٹی کی کارکردگی اور طلبہ کو فراہم کیے جانے والے معیاری تعلیمی ماحول کی عکاسی کرتی ہے۔ یونیورسٹی نے گزشتہ برسوں کے دوران تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دی ہے، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر اس کی شناخت مزید مستحکم ہوئی ہے۔
یو ایم ٹی کے چیئرمین ابراہیم مراد نے عالمی رینکنگ میں یونیورسٹی کی نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر پوری یو ایم ٹی فیملی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی طلبہ، اساتذہ، محققین، انتظامیہ اور یونیورسٹی سے وابستہ تمام افراد کی مشترکہ محنت کا ثمر ہے۔
ابراہیم مراد کا کہنا تھا کہ یو ایم ٹی نے عالمی سطح پر اپنا تعلیمی اور تحقیقی معیار برقرار رکھا ہے اور یونیورسٹی کی تعلیم و تحقیق کے میدان میں حاصل ہونے والی کامیابیاں پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی رینکنگ میں یو ایم ٹی کی شاندار کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی جامعات بھی معیارِ تعلیم اور تحقیق کے میدان میں بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
چیئرمین یو ایم ٹی نے کہا کہ عالمی رینکنگ میں موجودہ کامیابی منزل نہیں بلکہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ تعلیمی معیار میں مزید بہتری، تحقیق کے فروغ اور عالمی جامعات کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ یو ایم ٹی جلد دنیا کی صفِ اول کی جامعات میں شامل ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ یو ایم ٹی کو عالمی سطح پر مزید بلندیوں تک لے جانا انتظامیہ کا عزم ہے اور اس مقصد کے لیے تعلیمی و تحقیقی معیار کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
ابراہیم مراد نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستانی جامعات کی بہتر نمائندگی کے لیے تحقیق، جدت اور معیاری تعلیم کو بنیادی ترجیح بنانا ضروری ہے۔ یو ایم ٹی مستقبل میں بھی طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے اور تحقیق کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
یو ایم ٹی کی گلوبل یونیورسٹیز رینکنگ 2026 میں 573ویں عالمی، 161ویں ایشیائی اور پاکستان کی نجی جامعات میں چوتھی پوزیشن کو یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی کارکردگی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔












