پنجاب کی 4 ہزار یونین کونسلز میں 4 ارب کی لاگت سے دستک مراکز تعمیر، کونسی 170 خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم ہونگی؟

لاہور( پنجاب پوسٹ ) پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی یونین کونسلز کی سطح پر دستک مراکز قائم کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے، جس کے تحت شہریوں کو 170 سے زائد سرکاری خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے پر مجموعی طور پر 4 ارب روپے سے زائد لاگت آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اس حوالے سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ زید بن مقصود کی زیرصدارت پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے حکام کے ساتھ اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبے کی یونین کونسلز میں دستک مراکز کے قیام، سروس ڈیلیوری کے طریقہ کار اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف نے دستک مراکز کے مجوزہ سروس ڈیلیوری ماڈل کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مراکز میں مختلف محکموں سے متعلق سرکاری خدمات شہریوں کو ایک ہی مقام پر فراہم کرنے کا نظام وضع کیا جا رہا ہے۔

اجلاس کے دوران دستک مراکز کے قیام کے لیے دستیاب عمارات، آئی ٹی سہولیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انفراسٹرکچر اور عوامی رسائی کے امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے منصوبے کے تحت یونین کونسلز کی سطح پر شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے سروس ڈیلیوری کے نظام کو مؤثر اور آسان بنانے پر بھی غور کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ دستک مراکز کے قیام کے لیے صوبے بھر کی یونین کونسلز کا فیلڈ اسیسمنٹ مکمل کرلیا گیا ہے، جس کے بعد مختلف علاقوں میں مراکز کے قیام کے لیے دستیاب سہولیات اور ضروریات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود نے ہدایت کی کہ پنجاب کی 4 ہزار سے زائد یونین کونسلز کو دستک مراکز کے منصوبے میں شامل کیا جائے تاکہ شہریوں کو ان کی مقامی سطح پر زیادہ سے زیادہ سرکاری خدمات میسر آسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل میں عوام کی ضرورت اور مقامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سروسز کا تعین کیا جائے۔ شہریوں کو سرکاری امور کے لیے دور دراز دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں بلکہ زیادہ سے زیادہ خدمات ان کے قریب دستیاب ہوں۔

زید بن مقصود نے کہا کہ یونین کونسلز کی سطح پر دستک مراکز کے قیام سے عوامی سہولیات کے معیار میں مزید بہتری آئے گی اور سرکاری خدمات تک شہریوں کی رسائی آسان ہوگی۔

اجلاس میں دستک مراکز کے قیام کے لیے درکار عمارات، آئی ٹی سہولیات، سروس ڈیلیوری کے طریقہ کار اور منصوبے کی مجموعی لاگت سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ایڈمن ارشد بیگ اور ڈائریکٹر جنرل پی آئی ٹی بی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ حکام کے مطابق منصوبے کا مقصد یونین کونسل کی سطح پر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سرکاری خدمات ایک ہی مقام پر فراہم کرنا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے