لاہور( پنجاب پوسٹ ) شہر میں منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، مصطفیٰ آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی سپلائی میں ملوث 2 ڈیلرز کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر کی گئی۔ مصطفیٰ آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر دورانِ چیکنگ کارروائی کرتے ہوئے 2 منشیات ڈیلرز کو سپلائی دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت سرغنہ عابد اور عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ملزمان کے قبضے سے مختلف برانڈز کی 459 بوتلیں شراب برآمد ہوئی ہیں، جن کی مالیت لاکھوں روپے بتائی گئی ہے۔ پولیس نے برآمد ہونے والی شراب قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
ایس پی کینٹ کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ آن لائن منشیات منگوا کر لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی فراہم کرتے تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں اور نیٹ ورک سے وابستہ افراد کی گرفتاری کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق شہر میں منشیات کی سپلائی اور فروخت کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے، جبکہ منشیات فروشوں کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے خفیہ اطلاعات اور انٹیلیجنس کی بنیاد پر آپریشنز جاری رہیں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہر بھر میں منشیات جیسی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پولیس پُرعزم ہے اور نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھنے کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔












