لاہور ( پنجاب پوسٹ) سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا، جہاں صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال اور عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں اور محافل میلاد کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : سیرتِ نبوی ﷺ کی اتباع دنیا و آخرت میں کامیابی کی نوید، اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانا ہو گا:مریم نواز
ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی جویریہ مقبول نے سیکرٹری داخلہ کو بریفنگ دی۔ محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے صوبے بھر میں 2340 جلوسوں اور 1436 محافل میلاد کی مانیٹرنگ جاری ہے۔سیکرٹری داخلہ نے پنجاب بھر کے کنٹرول رومز سے لائیو ویڈیو کال کے ذریعے رابطہ کیا اور عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں :پتوکی ، حبیب آباد میں عاشقان مصطفیٰ ﷺ کا انوکھا جلوس ، نوجوانوں نے عوام کے دل جیت لیے۔
ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ پنجاب بھر میں عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام اور شایان شان انداز میں منایا جا رہا ہے۔ صوبے بھر میں عید میلاد کے بڑے جلوسوں کے راستوں پر سبیلوں کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ بڑی اور ممتاز عمارتوں، چوک چوراہوں اور بازاروں کو سبز برقی قمقموں سے روشن کیا گیا ہے۔
سیکرٹری داخلہ کے مطابق پنجاب کی جیلوں میں بھی میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے اسیران میں مٹھائی تقسیم کی گئی، جبکہ عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے سیرت طیبہ سمپوزیم کا انعقاد بھی کیا گیا۔اُنہوں نے ہدایت کی کہ عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
صوبے بھر کے تمام مرکزی جلوسوں کو کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے اور تمام جلوسوں و محافل میلاد کے اختتام تک سکیورٹی عملہ ڈیوٹی پر موجود رہے۔ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی زینب جہانداد اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔













