عارف والا( پنجاب پوسٹ ) بلوچستان میں دہشتگردی کے افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے 6 افراد میں سے 3 کا تعلق عارف والا کے مختلف دیہات سے ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ دہشتگردی کا نشانہ بننے والے تینوں افراد روزگار کے سلسلے میں مزدا گاڑیاں چلاتے تھے اور انگور لینے کے لیے بلوچستان جا رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں محمد اشرف، محمد زمان اور علی احمد شامل ہیں۔ تینوں افراد کا تعلق عارف والا کے مختلف دیہات سے بتایا گیا ہے اور وہ مزدا ڈرائیور کے طور پر کام کرتے تھے۔
ذرائع کے مطابق محمد اشرف اور محمد زمان کا تعلق ایک ہی گاؤں 347 ای بی سے تھا، جبکہ علی احمد عارف والا کے گاؤں 17 ای بی کا رہائشی تھا۔
بتایا گیا ہے کہ تینوں مزدا ڈرائیور انگور کی خریداری اور ترسیل کے سلسلے میں بلوچستان کی جانب سفر کر رہے تھے کہ دہشتگردوں نے انہیں نشانہ بنا دیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر عارف والا میں شہداء کے آبائی علاقوں میں سوگ کی فضا قائم ہوگئی۔
تین افراد کے ایک ہی علاقے سے تعلق رکھنے کی خبر سامنے آنے کے بعد اہل علاقہ میں بھی شدید غم و غصے اور افسوس کی کیفیت پائی جاتی ہے۔ اہل علاقہ نے دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
دہشتگردی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے تینوں افراد اپنے خاندانوں کے کفیل تھے اور روزگار کے سلسلے میں سفر کر رہے تھے۔ واقعے نے ان کے اہلخانہ کو گہرے صدمے سے دوچار کردیا ہے، جبکہ علاقے میں شہداء کے لیے دعاؤں اور تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں پیش آنے والے اس دہشتگردی کے واقعے میں مجموعی طور پر 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، جن میں سے 3 کا تعلق عارف والا سے بتایا گیا ہے۔










