لاہور (پنجاب پوسٹ) شہریوں کی کالز کے ڈیٹا کے غلط استعمال کو روکنے اور کیسز کے بروقت حل کے لیے اہم اقدام اٹھایا گیا ہے۔ نئے طریقہ کار کے تحت تفتیشی افسران کو ڈائریکٹ پورٹل کے ذریعے فوری کال ڈیٹا ریکارڈ (CDR) کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔
مراسلے کے مطابق متعلقہ تفتیشی افسران پورٹل پر کیس نمبر، فون نمبر اور تفتیشی افسر کا نام درج کرکے فوری طور پر مطلوبہ ڈیٹا حاصل کرسکیں گے۔ ڈی پی اوز کو بھی بغیر VPN کالز کے CDR تک رسائی دی جائے گی۔
موجودہ نظام میں ملزمان کی CDR حاصل کرنے کے لیے RPOs کے لاگ اِن کے ذریعے کارروائی کی جاتی ہے، جبکہ اہم کیسز میں CDR حاصل کرنے کا عمل مکمل ہونے تک تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس مقصد کے لیے پہلے ای میل کے ذریعے درخواست دینا اور منظوری کے بعد متعلقہ کمپنی سے ڈیٹا حاصل کرنا پڑتا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈی پی اوز کو VPN پر لانے سے آپریشنل مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، اس لیے ان کا لاگ اِن ایپلی کیشن کے ذریعے محفوظ بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔
نئے طریقہ کار سے سیکیورٹی اور آڈیٹ ایبلٹی برقرار رکھتے ہوئے CDR کے حصول کا عمل آسان اور تیز ہوگا، جبکہ ڈی پی اوز کو براہ راست CDR ڈیٹا تک رسائی ملنے سے پولیس کی آپریشنل کارکردگی بھی بہتر ہوگی۔
نئے پورٹل کے ذریعے CDR کے حصول کے لیے سسٹم اپڈیٹ کرنے کی خاطر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے ڈی آئی جی آئی ٹی کو سمری ارسال کردی ہے۔










