لاہور (پنجاب پوسٹ) پولیس اہلکاروں کی جانب سے دکانداروں کو مبینہ طور پر ڈرا دھمکا کر بھتہ وصول کرنے کے واقعات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں ریسٹورنٹ کو رات گئے تک کھلوانے کے عوض مبینہ بھتہ طلب کرنے پر سپیشل برانچ کے اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مغلپورہ کے علاقے میں نجی ریسٹورنٹ کے مالک عنایت الرحمان سے ریسٹورنٹ دیر تک کھلوانے کے لیے سپیشل برانچ کے انٹیلیجنس آپریٹر ویصام مصطفیٰ نے مبینہ طور پر 20 ہزار روپے طلب کیے، جبکہ 10 ہزار روپے وصول بھی کیے گئے۔
دوسرے واقعے میں کوٹ لکھپت کے علاقے چندرائے روڈ پر ایل پی جی گیس کے دکانداروں سے مبینہ طور پر بھتہ وصول کرنے کا معاملہ سامنے آیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ماڈل ٹاؤن سپیشل برانچ کے اہلکار افتخار نے دکانداروں کو مبینہ طور پر ڈرا دھمکا کر ہزاروں روپے وصول کیے۔
دکانداروں کی جانب سے پولیس کے اعلیٰ افسران کو درخواست دی گئی، جس پر ہونے والی انکوائری میں افتخار کو قصوروار قرار دیا گیا۔
دونوں واقعات کے مقدمات ڈی ایس پی سپیشل برانچ لاہور شہباز احمد کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں۔ مقدمات میں بھتہ خوری اور اختیارات سے تجاوز کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔










