لاہور( پنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں آٹے کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے اور مارکیٹ میں آٹے کی کسی قسم کی قلت نہیں۔ ترجمان محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کے مطابق صوبے میں آٹے کی سپلائی چین مکمل طور پر برقرار ہے اور تمام فلور ملز حسب معمول فعال ہیں۔
ترجمان کے مطابق محکمہ فوڈ سیفٹی کی جانب سے عوام کو معیاری آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے صوبائی سطح پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ فلور ملز میں گندم کی پسائی اور مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی کے عمل کی بھی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو آٹے کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
محکمہ فوڈ سیفٹی کے ترجمان کے مطابق صوبے بھر کی فلور ملز نے 2 لاکھ 7 ہزار 60 سرکاری گندم کے 10 کلو گرام کے بیگز گرائنڈ کیے ہیں۔
سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر سے گندم کی پسائی کے بعد صوبے کے تمام اضلاع میں آٹے کے لاکھوں تھیلے سپلائی کیے گئے، جس کے باعث مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی معمول کے مطابق برقرار ہے۔
ترجمان کے مطابق پرائیویٹ سیکٹر سے 10 کلو گرام کے 3 لاکھ 25 ہزار 283 تھیلے جبکہ 20 کلو گرام کے ایک لاکھ 24 ہزار 164 تھیلے مارکیٹ میں سپلائی کیے گئے۔
مجموعی طور پر پنجاب بھر میں 10 کلو گرام وزن کے 7 لاکھ 60 ہزار 671 آٹے کے بیگز مارکیٹ میں فراہم کیے گئے ہیں۔
ترجمان محکمہ فوڈ سیفٹی کے مطابق صوبے بھر میں تمام فلور ملز معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں اور آٹے کی سپلائی چین میں کوئی تعطل نہیں۔ عوام کی ضرورت کے مطابق آٹے کی وافر سپلائی کیلئے تمام ضروری انتظامی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر آٹے کی دستیابی اور معیار کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ مارکیٹ میں آٹے کی طلب و رسد کی صورتحال پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔
محکمہ فوڈ سیفٹی کے ترجمان کے مطابق ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف متعلقہ ادارے متحرک ہیں اور خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے، ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ آٹے کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دی جائے گی اور شہریوں کو وافر مقدار میں معیاری آٹا فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔محکمہ فوڈ سیفٹی کے مطابق موجودہ صورتحال میں پنجاب کی مارکیٹ میں آٹے کی قلت نہیں، فلور ملز فعال ہیں اور سپلائی کا سلسلہ معمول کے مطابق جاری ہے۔










