لاہور (پنجاب پوسٹ) محکمہ داخلہ پنجاب نے اسلحہ ڈیلرز کے موجودہ اسٹاک اور خرید و فروخت کا ریکارڈ آن لائن درج کرنے کیلئے 6 ستمبر 2026 کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے پنجاب آرمز لائسنس پورٹل پر ڈیجیٹل انوینٹری کے حوالے سے اسلحہ ڈیلرز کیلئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی ورکشاپ میں پنجاب بھر سے 350 سے زائد اسلحہ ڈیلرز نے شرکت کی جبکہ تمام ڈپٹی کمشنر دفاتر سے اسلحہ ڈیلرز نے آن لائن بھی شرکت کی۔
ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل عبدالرؤف، ڈپٹی سیکرٹری جوڈیشل محمد مرتضیٰ اور نادرا افسران نے اسلحہ ڈیلرز کو آن لائن پورٹل پر کوائف درج کرنے کے طریقہ کار بارے تربیت دی۔
محکمہ داخلہ نے اسلحہ ڈیلرز کی درخواست پر آن لائن اندراج کیلئے مزید 10 دن کی مہلت دے دی، موجودہ اسٹاک اور خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ 6 ستمبر تک درج کرنا ہوگا۔ پنجاب میں کل 413 رجسٹرڈ اسلحہ ڈیلرز میں سے 230 ڈیلرز ڈیجیٹل انوینٹری پر اپنے کوائف درج کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کم ٹیکس دینے والے ٹیکس دہندگان کی خیر نہیں! پنجاب ریونیو اتھارٹی کا بڑا فیصلہ
محکمہ داخلہ کے مطابق آن لائن پورٹل پر ہر اسلحہ ڈیلر کے پاس موجود بندوقوں، گولیوں اور خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ دستیاب ہوگا۔ مقررہ تاریخ تک انوینٹری اپ لوڈ نہ کرنے والے اسلحہ ڈیلرز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، لائسنس معطل، کاروبار سیل اور جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ اسلحے کے اسٹاک اور خرید و فروخت کے آن لائن اندراج کا مقصد غیر قانونی اسلحے کی خرید و فروخت کی بیخ کنی اور جرائم کا خاتمہ ہے۔












