لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ماہانہ ٹیکس ریٹرنز میں جعلسازی کرنے والے ٹیکس دہندگان کے خلاف شکنجہ مزید سخت کرنے کی تیاری کرلی۔
چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت ماہانہ ریونیو اہداف کے حصول کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں تمام ریجنل دفاتر اور متعلقہ افسران کی جانب سے مقررہ اہداف کے مقابلے میں حاصل کردہ وصولیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹیکس ریٹرنز میں ظاہر کردہ کاروباری سرگرمیوں اور جمع کروائے گئے ٹیکس کی درستگی کو ڈیٹا اینالیسز کے ذریعے جانچا جائے گا۔
معظم اقبال سپرا نے ہدایت کی کہ ٹیکس بیس کو مزید وسیع کرنے اور نئے ٹیکس دہندگان کو نظام میں شامل کرنے کے لیے انفورسمنٹ کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔
چیئرمین پی آر اے نے کم ریونیو دینے والے شعبوں اور ٹیکس دہندگان کی نشاندہی کرکے اصلاحات پر عملدرآمد تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام اور آئی آر آئی ایس کے مؤثر استعمال سے ریٹرن فائلنگ اور ٹیکس ادائیگی کے عمل کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے۔
معظم اقبال سپرا نے افسران کو مقررہ ماہانہ ریونیو اہداف ہر صورت حاصل کرنے اور کمی کو بروقت دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس وصولی میں شفافیت، مؤثر مانیٹرنگ اور ٹیکس دہندگان کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے شفافیت ناگزیر ہے۔












