صادق آباد ( پنجاب پوسٹ) اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی 5 سالہ بچی بندیہ کو مظفرگڑھ سے بحفاظت بازیاب کرلیا گیا، پولیس نے بچی کو اغوا کرکے مظفرگڑھ لے جانے والے ملزم غلام حسین کو بھی گرفتار کرلیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق بچی کے اغوا کا مقدمہ تھانہ احمد پور لمہ میں درج تھا۔ ڈی پی او عرفان علی سموں کی ہدایت پر مغوی بچی کی بازیابی کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔
پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملزم کا سراغ لگایا اور مظفرگڑھ سے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ بچیوں اور خواتین کا تحفظ رحیم یار خان پولیس کی اولین ترجیح ہے۔











