لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، رواں سال 52 لاکھ 42 ہزار سے زائد افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 64 لاکھ 87 ہزار سے زائد چالان کیے گئے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں پر 12 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔
پنجاب پولیس کے مطابق دھواں چھوڑنے والی 47 ہزار 152 گاڑیوں کے چالان کیے گئے، 6 ہزار 921 گاڑیاں تھانوں میں بند کی گئیں جبکہ 28 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ ضبط کیے گئے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترمیم شدہ ٹریفک قوانین، اصلاحات اور جدید نظام پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ایل ڈی اے کا غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بڑا آپریشن، 101 املاک سربمہر
آئی جی پنجاب نے اوور لوڈنگ، اوور سپیڈنگ، کم عمر ڈرائیونگ اور ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک چالانوں کے نادہندگان سے ریکوری کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں۔












