لاہور (پنجاب پوسٹ) امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے آئندہ دورہ امریکہ اور باہمی تعاون کے فروغ پر اہم تبادلہ خیال کیا گیا۔
علی ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا دورہ امریکہ پنجاب اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعاون اور شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ دورہ امریکہ پنجاب میں سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور معاشی تعاون کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
علی ڈار کے مطابق پنجاب کو اے آئی کا عالمی مرکز بنانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کا اہم حصہ ہے، امریکہ کے ساتھ تعاون سے پنجاب میں عالمی معیار کی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری لانے کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
مشیر وزیراعلیٰ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی پنجاب کے مستقبل کا اہم حصہ ہیں، امریکہ کے ساتھ تعاون کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ دی آفس آف اے آئی پنجاب امریکہ کے ساتھ نالج ایکسچینج، ٹیکنالوجی پارٹنرشپس اور اے آئی تعاون پر کام کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ امریکہ سے پنجاب کے اے آئی ایکو سسٹم اور سرمایہ کاری میں مثبت بہتری آئے گی۔














