لاوارث میتوں کی تلاش سے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے دو اہلکار تمغہ امتیاز تک کیسے پہنچے؟

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) عوامی خدمت، جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل میں نمایاں کارکردگی پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے دو پولیس کمیونیکیشن آفیسرز کیلئے اعلیٰ سول اعزاز تمغۂ امتیاز کی منظوری دے دی گئی۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے پولیس کمیونیکیشن آفیسر فرحان علی اور حافظ محمد جمیل اشرف کو عوامی خدمت کے مختلف شعبوں میں غیر معمولی خدمات پر تمغۂ امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

پولیس کمیونیکیشن آفیسر فرحان علی نے بچھڑے ہوئے افراد کو ان کے خاندانوں سے دوبارہ ملانے کے حوالے سے نمایاں خدمات انجام دیں۔ فرحان علی کی کاوشوں اور "میرا پیارا” کے ذریعے صرف چار ماہ کے دوران 175 بچھڑے افراد کو ان کے خاندانوں تک پہنچایا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان 175 افراد میں 62 بچے، 75 خواتین اور 38 مرد شامل ہیں۔ بچھڑے افراد کی شناخت اور ان کے اہلخانہ تک رسائی میں جدید مواصلاتی ذرائع اور سیف سٹیز کے نظام سے بھرپور استفادہ کیا گیا۔

دوسری جانب پولیس کمیونیکیشن آفیسر حافظ محمد جمیل اشرف نے بائیومیٹرک شناخت کے ذریعے گمشدہ افراد اور نامعلوم میتوں کی شناخت میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات کے نتیجے میں ایک سال کے دوران 5 ہزار 298 کیسز حل کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق حل کیے گئے کیسز میں 2 ہزار 861 نامعلوم میتیں جبکہ 2 ہزار 437 گمشدہ افراد شامل ہیں۔ بائیومیٹرک ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے نامعلوم افراد اور میتوں کی شناخت ممکن ہوئی اور متعدد خاندانوں کو اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات حاصل ہوئیں۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ادارے کے افسران کیلئے اعلیٰ سول اعزازات کی منظوری عوامی خدمت اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کا قومی اعتراف ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کے تحفظ، عوامی سہولیات کی بہتری اور شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔

ترجمان کے مطابق سیف سٹیز کا جدید نظام صرف جرائم کی روک تھام تک محدود نہیں بلکہ گمشدہ افراد کی تلاش، بچھڑے خاندانوں کو ملانے اور نامعلوم میتوں کی شناخت جیسے انسانی ہمدردی کے معاملات میں بھی مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔

فرحان علی اور حافظ محمد جمیل اشرف کیلئے تمغۂ امتیاز کی منظوری سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے عوامی خدمت کے میدان میں جدید ٹیکنالوجی کے کامیاب استعمال کی ایک نمایاں مثال قرار دی جا رہی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے