لاہور (پنجاب پوسٹ) ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 املاک مسمار اور 101 املاک سربمہر کر دی گئیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے گجومتہ، اٹاری سروبہ، گلبرگ، فیصل ٹاؤن، کینال روڈ، سمن آباد، جی ٹی روڈ اور علامہ اقبال ٹاؤن میں آپریشن کیا۔ گجومتہ میٹرو بس اسٹیشن اور سینٹرل پارک ہاؤسنگ اسکیم فیز ٹو کے قریب زیر تعمیر غیرقانونی تعمیرات مسمار کر دی گئیں۔
گلبرگ اور فیصل ٹاؤن میں غیرقانونی کمرشل استعمال پر 28 املاک جبکہ کینال روڈ، سمن آباد اور جی ٹی روڈ پر غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 60 املاک سربمہر کی گئیں۔ علامہ اقبال ٹاؤن میں ریکوری آپریشن کے دوران مزید 12 املاک سیل کر دی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: مزدوروں کیلئے خوشخبری، میرج گرانٹ 6 لاکھ اور ڈیتھ گرانٹ 8 لاکھ روپے کردی گئی
سربمہر کی جانے والی املاک میں نجی اسکول، کلینک، بیوٹی سیلون، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، گروسری اسٹورز، ہارڈویئر اسٹورز، فارمیسیز، دکانیں، شورومز اور دفاتر شامل ہیں۔
آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی کیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے کے مطابق غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔












