لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ میں مانگا منڈی میں پاسپورٹ آفس کے قیام سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کے جواب کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔
جسٹس چوہدری محمد اقبال نے شہری شیخ محمد لطیف شاہد کی درخواست پر سماعت کی۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مانگا منڈی اور نواحی علاقوں کے شہریوں کے لیے رائیونڈ میں پاسپورٹ سنٹر پہلے سے موجود ہے، لہٰذا درخواست غیر ضروری قرار دے کر مسترد کی جائے۔
درخواست گزار کے وکیل احمد عبداللہ ڈوگر ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مانگا منڈی کے شہری پاسپورٹ بنوانے کے لیے لاہور کے دور دراز دفاتر جانے پر مجبور ہیں، جس کے باعث مزدوروں، طلبہ، تاجروں اور بیرون ملک جانے کے خواہش مند افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ مانگا منڈی میں پاسپورٹ آفس کا قیام عوامی ضرورت ہے، جبکہ درخواست گزار نے 7 مئی 2026 کو بھی متعلقہ حکام کو پاسپورٹ آفس کے قیام کے لیے درخواست دی تھی، جس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
درخواست میں وفاقی حکومت اور ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کو فریق بناتے ہوئے عدالت سے مانگا منڈی میں پاسپورٹ آفس قائم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔








