لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور میں خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں خواتین اور کم عمر بچوں سے زیادتی اور زیادتی کی کوشش کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے، جن کے مقدمات درج کر لیے گئے۔
ایف آئی آرز کے مطابق صدر ڈویژن کے تھانہ سندر کی حدود میں تین خواتین کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ ایک واقعے میں ملزم علی رضا نے مبینہ طور پر اپنے دوست قربان کی اہلیہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ دوسرے واقعے میں ڈرائیور شہزاد پر 17 سالہ گھریلو ملازمہ سے زیادتی کا الزام ہے، جبکہ تیسرے واقعے میں ملزم عمر پر شادی کا جھانسہ دے کر لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ، نوجوان کو خود نمائی کا شوق حوالات لے گئے ، مقدمہ درج
فیکٹری ایریا میں دینی تعلیم دینے کے دوران 11 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کا مقدمہ درج کیا گیا۔ جنوبی چھاؤنی میں گھروں میں کام کرنے والی شادی شدہ خاتون سے مبینہ زیادتی کا واقعہ رپورٹ ہوا۔
گڑھی شاہو میں ساتویں جماعت کی 13 سالہ طالبہ کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ لیاقت آباد میں 7 سالہ بچی اور جنوبی چھاؤنی میں 8 سالہ بچے سے زیادتی کی کوشش کے واقعات بھی سامنے آئے۔
پولیس نے تمام واقعات کے مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔








